گورنر سندھ کی برطرفی اور الطاف کو واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صولت مرزا کے بیان کی روشنی میں گورنر سندھ عشرت العباد کو برطرف کرنے اور ایم کیو ایم کی قیادت کیخلاف کارروائی کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔ بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ صولت مرزا کے بیان کے بعد وہ تمام ذمہ دار افراد بے نقاب ہوچکے ہیں جو صولت مرزا کی جرائم میں پشت پناہی کرتے رہے ہیں۔ صولت مرزا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ تمام الزامات کو ثابت کرنے کو تیار ہے۔ کراچی میں بدامنی کے خاتمے میں یہ کیس اہم کردار ادا کر سکتا ہے اگر جرائم کے ماسٹر مائنڈ بے نقاب ہو گئے تو ملک کے سب سے بڑے شہر میں دہشتگردی ختم ہو جائے گی۔ درخواست میں فاضل عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو گرفتارکرکے وطن واپس لانے اور گورنر سندھ عشرت العبادکو عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ بابر غوری اورحیدر عباس رضوی سمیت دیگر رہنمائوں کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی سزا کو عمرقید میں تبدیل کیا جائے اور اس کے بیان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے بھی قلمبند کرا کے ریکارڈ کا حصہ بنانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔