• news

آواران: جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید، 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) فرنٹیئر کور بلوچستان نے آواران کے علاقے مشکے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران جھڑپ ہو گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان کا آواران کے علاقے مشکے میں سرچ آپریشن کے دوران شرپسندوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 5 خودکار ہتھیار، 2 آئی ای ڈیز اور مواصلاتی (کمیونیکشنز) آلات برآمد کرلئے گئے۔ واضح رہے مذکورہ شرپسند آواران اورگردونواح میں سکیورٹی فورسز پر حملوں، محب وطن شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سکیورٹی اہلکار سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی۔ گڈانی کے علاقے سے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ سمندر کے کنارے سے برآمد ہونے والی نعش ایک ماہی گیر کی بتائی جاتی ہے جو چند روز سے لاپتہ تھا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کوہلو میں کالعدم تنظیم کے 8 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔ ادھر کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 16 بیشتر افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن