• news

ایم کیو ایم ہر قسم کی دہشت گردی کیخلاف ہے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا فروغ چاہتے ہیں: الطاف

لندن (پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم ایک لبرل، روشن خیال اورجمہوریت پسند جماعت ہے جس میں جمہوری اصولوںکے تحت ہونیوالے انتخابات کے ذریعہ ذمہ داران کا تعین کیا جاتا ہے۔ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل دراصل ایم کیوایم کی پارلیمنٹ ہے اور پالیسی میکر باڈی ہے جس کے فرائض میں ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو، آئین کی شقوںمیںکمی بیشی کرنا، باہمی مشاورت سے آئین کی شقوں میں ترمیم کرنا اور ضروری قانون سازی کرنا بھی شامل ہے۔ انہوںنے سینٹرل ایگز یکٹو کونسل کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ غیرجانبدار مبصرین کی موجودگی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعہ سی ای سی کے آرگنائزر اور مرکزی ذمہ داران کا انتخاب کریں۔ نائن زیروپر سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے انہوں کہاکہ ایم کیوایم ایک جمہوریت پسند، لبرل، روشن خیال اور اعتدال پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے ۔ ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور چاہتی ہے کہ ملک سے مذہبی انتہاپسندی، مذہب اور فرقہ واریت کی بنیاد پردہشت گردی کا خاتمہ ہوملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی فروغ پائے۔ الطاف حسین نے کہاکہ سی ای سی، اہل اور باکردار افراد پر مشتمل ایک ڈسپلنری کمیٹی بھی قائم کرے جو پارٹی میں نظم وضبط کی خلاف ورزی کے معاملات کا فوری نوٹس لیکر اسکی تحقیقات کرے اور اپنی سفارشات رابطہ کمیٹی کو پیش کرے۔ الطاف حسین نے کہاکہ تنظیمی فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک بھر میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لے اور ان مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضروری پراجیکٹس کے حوالہ سے رابطہ کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کرے۔

ای پیپر-دی نیشن