الطاف نے کسی ادارے کو دھمکی دی نہ الزام لگایا: حیدر رضوی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے کسی ادارے کو دھمکی نہیں دی اور کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا۔ الطاف حسین نے کہا کہ فوج میری اور میں فوج کا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس میں چند وضاحتیں ضروری ہیں، برطانوی ہائی کمشنر کو ثبوت دینے سے متعلق بھی تردیدی بیان دیا جائے۔ الطاف حسین نے کوئی الزام چودھری نثار پر نہیں لگایا۔ ایم کیو ایم نے مسلح افواج کے حق میں ریلیاں نکالیں، آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں دئیے گئے بیان بھی برطانوی ہائی کمشنر کو پہنچائیں۔ الطاف حسین کے بیان کو ماضی کے تمام بیانات کے ساتھ رکھ کر دیکھنا چاہئے۔ الطاف حسین خود وضاحت کر چکے ہیں کہ انہوں نے کوئی دھمکی نہیں دی۔