بھارت کیساتھ مذاکرات غیر مشروط ، نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، کشمیری اہم فریق ہیں: پاکستان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ غیر مشروط اور نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے پرعزم ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پاکستان بھارت مذاکرات جنوبی ایشیا میں امن و اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے تحت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے سے ممکن ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے شفاف استصواب رائے اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونا چاہیے۔ ترجمان کا کہنا تھا پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل خصوصاً جموں و کشمیر کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔ تسنیم اسلم نے کہا پاکستان بھارت کے درمیان امن، معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل ایک آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری سے ممکن ہے۔ مسئلہ کشمیر کیلئے رائے شماری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کی جائے۔ کشمیریوں کا رائے شماری میں حصہ لینا حق خود ارادیت کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ غیر مشروط اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔