جرمنی کا مسافر طیارہ جنوبی فرانس میں گر کر تباہ، 150 افراد ہلاک
پیرس (نوائے وقت رپورٹ+بی بی سی +اے ایف پی) جرمنی کا مسافر طیارہ 320-A جنوبی فرانس میں گر کر تباہ ہو گیا۔ عملے کے 6 افراد اور 144 مسافر ہلاک ہو گئے۔ مسافر طیارے کا ملبہ جنوبی فرانس کے دور دراز گائوں سے ملا ہے۔ طیارہ بارسلونا سے جرمن شہر دوسلدوف روانہ ہوا تھا۔ فرانس کے وزیراعظم اور امریکی صدر اوباما نے حادثے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی یہ پوری طرح واضح نہیں کہ حادثہ کن حالات میں ہوا لیکن لگتا یہی ہے کہ اس حادثے میں کوئی زندہ نہیں بچا۔ حادثے کو ایک المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اولاند نے مزید کہا ہے کہ جس علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے وہاں تک رسائی بہت مشکل ہے۔ سپین کے وزیراعظم نے افسوس کرتے ہوئے اسے المیہ قرار دیا۔ لفتھانزا کے سربراہ کاسٹن سپہورٹ نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہمیں معلوم نہیں کہ پرواز نمبر 4U 9525 کے ساتھ کیا ہوا۔ میں اپنے مسافروں اور عملے کے گھر والوں اور دوستوں سے دل کی گہرائیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ اگر ہمارے خدشات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ لفتھانزا کی تاریخ کا ایک تاریک دن ہوگا۔ مسافروں میں 16طلبا، 2اساتذہ سمیت 67جرمن، سپین کے شہری، 2بچے شامل ہیں۔ طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی۔ حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ فرانسیسی حکام نے بتایا کوئی زندہ نہیں بچا۔