فیصل آباد : لائوڈ سپیکر پر پابندی کیخلاف مذہبی جماعتوں کے مظاہرے ، تاجروں سے ہاتھا پائی : زبردستی مارکیٹیں بند کرادیں
فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سنی اتحاد کونسل اور تنظیمات اہلسنت کی اپیل پر لائوڈ سپیکر پر درود سلام پر پابندی، علماء کی گرفتاریوں اور سانحہ ماڈل ٹائون کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے چوک گھنٹہ گھر میں ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین نے زبردستی آٹھوں بازار بند کرا دئیے، دکانیں بند کرانے پر مظاہرین اور تاجروں میں ہاتھا پائی، مظاہرین کے تشدد سے نجی ٹی وی کا فوٹو گرافر زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی کال پر سنی اتحاد کونسل، عوامی تحریک اور تنظیمات اہلسنت کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نے لاٹھیاں اور پرچم اٹھا رکھے تھے جنہوں نے گھنٹہ گھر کے آٹھ بازار اور مارکیٹیں زبردستی بند کرا دیں۔ مظاہرین نے چوک گھنٹہ گھر پر ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر دی۔ ڈنڈا بردار افراد نے جھنگ روڈ پر بھی دکانیں بند کرا دیں۔ اس موقع پر سنی اتحاد کے کارکنوں اور تاجروں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ سنی اتحاد اور دیگر مذہبی جماعتوں نے ڈنڈے کے زور پر دکانیں بند کرانے کی کوشش کی۔ تاجروں کے انکار پر دونوں گروپوں میں تصادم ہوا۔ مظاہرین کے تشدد سے نجی ٹی وی کا فوٹو گرافر بھی زخمی ہو گیا۔ سنی اتحاد کونسل کے مطابق فیصل آباد میں کامیاب شٹر دائون ہڑتال ہوئی اور شہر کی اکثر مارکیٹیں بند رہیں۔ سنی اتحاد کونسل، عوامی تحریک، پاکستان سنی تحریک، سنی علماء بورڈ، منہاج القرآن ، تنظیم المساجد پاکستان، سنی یوتھ ونگ کے کارکنان ٹولیوں کی شکل میں بازاروں اور مارکیٹوں کی گشت کرتے رہے جبکہ گھنٹہ گھر چوک میں احتجاجی جلسہ عام ہوا۔ جلسہ عام سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ لائوڈ سپیکرمیں درود و سلام پڑھنے پر پابندی قبول کرکے اپنے ایمان کا سودا نہیں کرسکتے۔ پنجاب حکومت کو دین دشمنی اور اہلسنّت کش پالیسیاںمہنگی پڑیں گی ۔علماء کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ درود وسلام اور اذان کی آواز کو محدود کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ صاحبزادہ حسن رضا نے کہا کہ اذان کی آواز کو دبانے والے حکمران اللہ کے عذاب سے نہیں بچ سکتے۔ پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے پنجاب حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پنجاب کے موجودہ حکمران ہمارے 14 بے گناہ کارکنوں کے قاتل ہیں، جوڈیشل کمشن نے بھی ماڈل ٹائون قتل و غارت گری کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو ٹھہرایا،قاتل حکمرانوں اور قاتل پولیس کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی قبول نہیں۔ ماڈل ٹائون قتل و غارت گری کے مرکزی کردار رانا ثناء اللہ کو ڈپٹی وزیراعلیٰ اور ڈاکٹر توقیر کو سفیر بنا دیا گیا۔ ریلی میں خرم گنڈا پور سید ہدایت رسول، انجینئر رفیق نجم، رانا محمد ادریس،راناطاہرسلیم ، میاں عبدالقادر،راضیہ نویدنے شرکت کی۔ سنی تحریک کے زیراہتمام دھوبی گھاٹ تا چوک کھنٹہ گھر تک درود و سلام پر لگائی جانے والی پابندی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی صدر مولانا فرحان رضا قادری نے کہاکہ حکومت محب وطن اہلسنت کو سڑکوں پر لا کر ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتی ہے۔ اذان کو محدود کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ شہبازشریف نے فیصل آباد میں زبردستی کاروبار بند کرانے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے زبردستی کاروبار بند کرانے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تاجر برادری کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔