• news
  • image
  • text

چینی بنک نے پنجاب میں انرجی ، انفراسٹر کچر، صنعتی شہر کیلئے سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی : ہر ممکن تعاون کرینگے : شہباز شریف

بیجنگ (خصوصی رپورٹر) چین کے مقتدر مالیاتی ادارے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بنک آف چائنہ (ICBC) نے پنجاب میں انرجی، انفراسٹرکچر اور ٹیکسٹائل کے شعبوں کے علاوہ ایک بڑے صنعتی شہر کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ یقین دہانی گزشتہ روز بیجنگ میں بنک کے چیئرمین جیانگ جیانکنگ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کرائی، جس میں شہبازشریف اور بنک کے چیئرمین نے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بنک کے اس فیصلے کے نتیجہ میں آئندہ چند برسوں کے دوران پنجاب میں اربوں روپے کی غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ چینی حکام نے اس موقع پر کہا کہ ان کا بینک پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے سرمایہ فراہم کرنے کے علاوہ حکومت پنجاب کیلئے دیگر عالمی ذرائع اور بین الاقوامی پرائیویٹ سرمایہ کاری حاصل کرنے میں بھی مدد دے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ چینی بینک کی طرف سے سرمایہ کاری کا یہ فیصلہ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں طے شدہ اہداف کے حصول میں غیر معمولی طورپر مددگار ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل اینڈکمرشل بینک آف چائنہ کی طرف سے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اپنی برانچ کھولنے کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ پنجاب حکومت چینی بینک کو خوش آمدید کہتی ہے اور اس ضمن میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گذشتہ روز بیجنگ میں چین کی سرمایہ کار کمپنیوں، مالیاتی اداروں کے حکام اور مقامی سرمایہ کاروں سے ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، ٹائم لائن اور کم از کم لاگت کو یقینی بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران چین کی نئی سرمایہ کار کمپنیوں نے توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ چین کی نئی سرمایہ کار کمپنیوں کی جانب سے انرجی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے باہمی تعاون کا سفر تیز رفتاری سے جاری ہے۔ شہبازشریف نے بیجنگ میں مشترکہ اقتصادی کونسل میں شرکت کیلئے آئے پاکستانی وفد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ نے ہمیں چینی تعاون کی شکل میں ترقی کا نادر موقع دیا ہے اور اس شاندار موقع سے نتائج حاصل کرنا ہم سب کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے پاس وسائل بھی ہیں، مہارت بھی اور ٹیکنالوجی بھی اور چین ہماری ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار بھی ہے۔ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے محنت اور دیانت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے بیجنگ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا مشن لے کر نکلے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاک چین تعلقات کو نیا رنگ، نئی جہت اور نئی وسعت دی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاک چین دوستی کے معماروں میں زندہ رہے گا، دھرنوں کے اثرات کے باوجود چینی تعاون سے جاری پراجیکٹس کو کم از کم تاخیر میں مکمل کرنے کی حتی الامکان کوشش کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر کیلئے چشم براہ ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گزشتہ روز بیجنگ میں چینی سرمایہ کاروں، چائنہ نیشنل ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل کونسل اور چائنہ ایسوسی ایشن آف ڈویلپمنٹ زون کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جس میں پنجاب میں توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں1 سے 120 میگاواٹ تک کے ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی، جس پر چینی سرمایہ کار کمپنیوں نے ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنے میںدلچسپی کا اظہارکیا۔ شہبازشریف نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ چین کے تعاون سے نئے منصوبوں پربھی کام ہو رہا ہے۔ پاک چین معاہدے شفافیت ، محنت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ چینی سرمایہ کاری سے ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔ شہباز شریف نے چائنہ نیشنل ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل کونسل چائنہ نیشنل ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل کونسل کو شیخوپورہ میں موٹر وے کے قریب ایپرل پارک میںسرمایہ کاری کی پیشکش کی جس پر چائنہ نیشنل ٹیکسٹائل اینڈ ایپرل کونسل کا ایپرل پارک کے منصوبے میںسرمایہ کاری کرنے میںگہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے سی این ٹی اے سی کے حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کیلئے ایپرل پارک میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ چینی سرمایہ کار اپنا سرمایہ ایپرل پارک منصوبے میں لگائے، مکمل تحفظ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات کے دروازے یورپی ممالک کیلئے کھل چکے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف آج بدھ 25مارچ کو بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہو گا۔

epaper
بیجنگ: وزیراعلیٰ شہبازشریف اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بنک آف چائنہ کے چیئرمین جیانگ جیانکنگ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن