• news

خواتین کی قومی کبڈی ٹیم کو 58 لاکھ روپے مل گئے

لاہور(نمائندہ سپورٹس)کبڈی ورلڈ کپ 2014ءمیں کانسی کا تمغہ جیتنے پر خواتین کی قومی کبڈی ٹیم کو ورلڈکپ کی انعامی رقم اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے 58لاکھ روپے دے دیئے گئے۔انعامی رقم ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے دی۔ قومی کبڈی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا ہے کہ انعام ملنے سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے مشکور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کی قومی کبڈی ٹیم نے کبڈی ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ قومی کبڈی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کی اتنی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، ہماری جیت پاکستان کی جیت ہے جس کا سہرا ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے سر ہے۔ تمام ٹیم وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خا ں اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی شکر گزار ہے کہ جن کی ذاتی دلچسپی اور محنت سے چند برسوں میں خواتین کبڈی ٹیم نے نہ صرف ورلڈکپ میں حصہ لیا بلکہ کانسی کا تمغہ بھی جیت لیا ہے، کبڈی ورلڈ کپ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیں بھرپور تیاری کرائی۔ ٹیم کو عالمی معیار کے کوچز اور ٹرینرز سے تربیت دلائی اور تربیتی کیمپ میں بہترین سہولتیں فراہم کیں۔ مدیحہ لطیف نے کہا کہ ہماری دلی خواہش ہے کہ کبڈی ورلڈکپ پاکستان میں بھی منعقد کرایا جائے تاکہ کبڈی کے کھیل کو مزید فروغ ملے۔ میں ٹیم آفیشلز کی بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہماری ہر قدم پر رہنمائی کی۔ انعامی رقم ملنے سے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور انشااللہ اس سال ورلڈکپ ہم جیتیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن