پارلیمنٹ میں اسلامی قانون پیش کرنے سے قبل نظریہ کونسل سے منظوری لی جائے: مولانا شیرانی
اسلام آباد (صباح نیوز + آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مولانا محمد خان شیرانی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئی بھی اسلامی قانون پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے پہلے اسکی کونسل سے منظوری لی جائے، مرد کو دوسری شادی کیلئے بیوی سے اجازت کی ضرورت نہیں اس بارے میں کونسل اپنی سفارشات دے چکی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سال 2011-12 کی رپورٹیں جلد پارلیمنٹ میں پیش کر دی جائینگی۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کو نسل کے ارکان کا اجلاس گزشتہ روز یہاں چیئرمین مولانا شیرانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ارکان نے سفارش کی کہ پارلیمنٹ کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے تحت کوئی بھی بل پیش کرنے سے پہلے کونسل کی رائے لینا ضروری ہو گی۔ مولانا شیرانی نے کہا کچھ قوتیں حقوق کے نام پر اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ دریں اثناء اسلامی نظریہ کونسل کے 198ویں اجلاس میں نومنتخب ارکان کو خوش آمدید کہا گیا۔ انہیں تمام ممبران کونسل کا تعارف کرایا گیا۔ اجلاس میں خصوصی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جوکونسل کی کارکردگی رپورٹ صدر کوپیش کرے گی۔