• news

نواز شریف کی قومی اسمبلی میں آمد سے ایوان کی رونق،وزیراعظم کے پہلو میں خالی نشست ’’مکین‘‘ کی منتظر رہی

منگل کو اس لحاظ سے اہمیت حاصل ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف ایوان میں رونق افروز ہوئے جب وزیراعظم ایوان میں آئے تو حکومتی ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اور ڈیسک بجا کر ان کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر اعظم تقریباً پون گھنٹہ تک ایوان میں موجود رہے اور نماز مغرب کے وقفہ سے تھوڑی دیر قبل ایوان سے چلے گئے۔جب وزیر اعظم ایوان میں آئے تو عام تاثر تھا کہ وہ ایوان کو جوڈیشل کمیشن کے قیام پر پارلیمانی لیڈروں سے ہونے والی مشاورت کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ان کی نشست کے سامنے مائیک بھی لگ گئے تھے لیکن وہ کوئی خطاب کئے بغیر ہی چلے گئے۔ وزیراعظم کے پہلو میں ان کے ’’اوپننگ بیٹسمین ‘‘ کی نشست خالی تھی۔پارلیمنٹ کی غلام گردشوں میں وزیراعظم کی پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات اور جوڈیشل کمشن کے قیام کی متحدہ قومی موومنٹ کی مخالفت موضوع گفتگو بنی رہی۔

ای پیپر-دی نیشن