• news

’’عام آدمی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ نہیں ملا‘‘

 لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے کہا ہےکہ پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں پٹرولیم، پام آئل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہے تاہم عام آدمی کو پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ نہیں ملا تاہم عام آدمی کی قوت خرید بہتر ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی اور معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر میاں محمد اکرم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت جو منی بجٹ لائی اس کے باوجود ٹیکس وصولی ہدف کے مقابلے میں 100 ارب روپے کم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے ہرقسم کی آمدنی کو ٹیکس کے دائرے میں لائے تو ٹیکس وصولی کے اہداف باآسانی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر ہمارا دیا ہوا ہے جسے مشرف دور میں روپے کی قدر کو منجمد کیا گیا تھا لیکن جیسے ہی مشرف کی حکومت ختم ہوئی تو ایک دم روپے کی قدر گرائی گئی اور پاکستان آئی ایم ایف کے پاس چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات بتاتے ہیں کہ شرح سود میں کمی کرنے سے سرمایہ کاری میں اضافہ نہیں ہوتا اور نجی شعبہ بینکوں سے زائد قرضے نہیں لیتا یہی اس سال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ برآمدات گذشتہ سال کے مقابلے میں کم ہیں لیکن امریکہ کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ سے ملنے سے جاری حسابات کے توازن میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی واضح ہو گئی ہے کہ اس سال معیشت کی شرح نمو کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن