جوڈیشل کمیشن سے مسائل حل نہیں ہونگے، دھاندلی کے خاتمے کیلئے انتخابی اصلاحات کی جائیں : زرداری
اسلام آباد + کراچی (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سیاسی استحکام اور انتخابات میں گزشتہ چھ دہائیوں سے دھاندلیاں ختم کرنے کے لئے مطالبہ کیا ہے کہ وسیع بنیادوں پر انتخابی اصلاحات کی جائیں۔ سابق صدر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جوڈیشل کمشن کے قیام سے تنازعات اور دھرنا سایست ختم ہو جائے گی اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلیوں کو ان کا کردار سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ تاہم اس بات کی ضرورت ہے کہ انتخابات میں بدعنوانیوں کے یکسر خاتمے کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں میں اتفاق رائے ہو۔ اپنے بیان میں انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے جو بھی طریقہ اختیار کیا جائے چاہے وہ آئین میں ترمیم ہو یا نئی قانون سازی، کے لئے اتفاق رائے پیدا کریں تاکہ ایسے شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات ہوں جو عوام کی خواہشات کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک کثیر الجماعتی پارلیمانی کمیٹی کا قیام عمل میں آیا تھا جسے ان تمام معاملات کا جائزہ لینے کے بعد مناسب تبدیلیوں کی سفارش کرنا تھی۔ اب اس کمیٹی کو چاہئے کہ وہ اپنا کام تیز کردے اور اس مقصد کے لئے آئینی ترامیم اور قوانین کا مسودہ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرے۔ اس پارلیمانی کمیٹی کو چاہئے کہ وہ عوام اور دیگر شراکت داروں سے بھی تجاویز لے تاکہ انتخابات کے لئے متفقہ تجاویز اور سفارشات پیش کی جاسکیں۔ دانش پر صرف ایک یا چند سیاسی پارٹیوں کی اجارہ داری نہیں۔ سچائی اور دانش تمام لوگوں کے درمیان اجتماعی بحث و مباحثہ سے حاصل ہوتی ہے۔ تجاویز دینے اور سفارشات پیش کرنے کے عمل میں عوام اور دیگر شراکت داروں کی آرا لینا بہت ضروری ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کی تجاویز متفقہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ جوڈیشل کمشن عارضی طور پر سیاسی درجہ حرارت میں کمی کرے گا مگر بدقسمتی سے یہ پاکستان کے انتخابی منظرنامہ میں بنیادی مسائل حل نہیں کرسکے گا۔ اس سے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے مسائل حل نہیں ہوسکیں گے۔ ایسے شفاف انتخابات ہونے چاہئیں جو عوام کی ترجمانی کریں۔ پارلیمانی کمیٹی کو چاہئے کہ عوام اور دیگر شراکت داروں سے تجاویز لے۔ سیاسی استحکام کیلئے انتخابی دھاندلیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے آصف زرداری کو نواز شریف کا جوابی خصوصی پیغام پہنچایا۔دونوں رہنماؤں میں امن و امان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے کراچی میں جاری آپریشن، سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سمیت پیپلز پارٹی کے امور پر بات چیت کی گئی۔