پاکستان کے ہر مسئلہ کو اپنا سمجھتے ہیں : چینی وزیر خارجہ: شاہراہ معیشت نے تعلقات کو نئی جہت دی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ ترقی کے سفر میں پاکستانی چین کو اپنا ہم قدم پائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سمت درست ہے اور پاکستان کے انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ چینی عوام اور حکومت پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتے ہیں اور پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چین کے وزیرخارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہر دفعہ پہلے سے زیادہ محبت ملتی ہے۔ شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔ چین پاکستان کا ایسا مخلص اور بااعتماد دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ علاقائی و عالمی امور میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی موقف کی تائید کی ہے۔ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تلاش کے کام میں چین کا تعاون اور کردار کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم محمدنوازشریف کے دور میں پاکستان اور چین کے مابین دوستی کے رشتے سود مند معاشی تعلقات میں ڈھل رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دریچے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر کے دورے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں بیجنگ میں گزشتہ روز پاک چائنہ اکنامک کوریڈور جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے شرکت کی اور جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور خطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہوگا۔ اکنامک کوریڈور کا اجراء چین کی لیڈر شپ کا پاکستان کی موجودہ قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔ شاہراہ معیشت کے منصوبے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کے صدر اپنے دورہ پاکستان میں اربوں روپے کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کا یہ منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے سود مند ہے۔ مزید برآں شہباز شریف نے گزشتہ روز بیجنگ میں چین کے تعمیراتی شعبے سے وابستہ ماہرین اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گیس کے ذریعے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں۔ 2017ء کے اختتام تک یہ کارخانے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت ان منصوبوں کے لئے اپنے وسائل سے سرمایہ لگا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چینی کمپنیوں کو گیس سے چلنے والے بجلی کے کارخانوں کی تنصیب و تعمیر کے کاموں میں شرکت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے ان منصوبوں کی تنصیب و تعمیر کے کام میں حصہ لینے کا خیر مقدم کریں گے اور چینی ماہرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ایل این جی کی درآمد کے لئے ٹرمینل اور گیس پائپ لائن کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ ہمارا ہر قدم ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے اور اس ضمن میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔