• news
  • image
  • text

7 سال بعد یوم پاکستان کی پریڈ نے قوم کو مزید متحد کر دیا: صدر

اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی/ نوائے وقت رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ 7سال بعد پریڈ کا انعقاد دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کا عکاس ہے، پریڈ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں شرکت کرنے والے دستوں کے اعزاز میں شکرپڑیاں گراؤنڈ میں ظہرانہ دیا گیا جس میں پریڈ کے منتظمین اعلیٰ سول وفوجی افسروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صدر ممنون حسین اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ 7 سال بعد یوم پاکستان کے موقع پر شاندار پریڈ کا انعقاد ہوا جو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قومی عزم کا عکاس ہے، پریڈ کے اس کامیاب انعقاد نے قوم کو مزید متحد کیا ہے اور یہ پریڈ ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ صدر نے وطن کے دفاع میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پریڈ کے شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی کے امن سے منسلک ہے، دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، دہشتگردوں کا مکمل صفایا ہونے تک ان کا تعاقب جاری رہے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں مشرق وسطیٰ میں مقیم پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں چودھری نور الحسن تنویر، ارشد انجم، آزاد علی تبسم، عبدالوحید پال اور دیگر شامل تھے۔ صدر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی کے امن سے منسلک ہے، دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ صدر نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردوں کا تعاقب اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں انقلاب آ جائے گا۔

epaper
اسلام آباد: صدر ممنون حسین یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرنے والے فوجی جوانوں سے بات چیت کر رہے ہیں

ای پیپر-دی نیشن