حکومت نے ڈالر کی ترسیل پر چارجز کم کر دیئے: اسحق ڈار
اسلام آباد+ کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نئی پاکستان ریمٹنس انشیٹیو سکیم کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ نے نئی سکیم کا اعلان بینکوں سے مشاورت کے بعد کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ 200ڈالر کی ترسیلات پر چارجز 25سے کم کرکے 20ریال کر دئیے۔ حکومت پاکستان بینکوں کو سکیم کی واجب الادا رقم سٹیٹ بینک کے ذریعے ادا کرے گی۔ سکیم کے تحت ترسیلات کے چارجز حکومت پاکستان اپنے خزانے سے برداشت کرتی ہے۔ قبل ازیں بینکوں کے صدور سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی 6سال بعد 4فیصد بڑھ گئی۔ مالی سال 2013-14ء میں معاشی ترقی 4.1فیصد رہی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی بھیجی جانے والی رقوم میں 14سے 15فیصد اضافہ ہوا، بیرون ملک پاکستانیوں کی رقوم آنے سے خسارے میں کمی آئی، حکومت کا اہم مسئلہ مالیاتی خسارے پر قابو پانا ہے، افراط زر پچھلے 11سالوں میں کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ قبل ازیں کراچی سٹاک ایکسچینج کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی منفی سے مثبت کر دی ہے۔ پاکستان کی شرح نمو گذشتہ 6 برسوںسے بہت بہتر ہو گئی ہے۔ معاشی استحکام کے لئے میثاق جمہوریت جیسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ اگلے تین برس میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں معاشی مسائل کا سامنا تھا۔ حکومت چار نکاتی منشور پر عمل پیرا ہے، جس میں دہشت گردی کا خاتمہ، توانائی کا بحران، معیشت کا استحکام اور سماجی شعبے کی ترقی شامل ہے۔ کل آنے والا پاکستان معاشی طور پر درست ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے عزم کے باعث آج ملک کی معیشت ماضی کے مقابلے میں بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 سال بعد سکوک بونڈز کا اجرا بڑی کامیابی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ یورو بونڈز پر بھی توقع سے زیادہ پیشکش موصول ہوئی ہیں۔ تھری جی، فور جی لائسنس کے معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے اور ان کی فروخت سے 9 لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے حل کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی، جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کراچی سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کی تعریف کی اور سرمایہ کاروں کو کہا کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں، حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی کے مسئلے پر بھی جلد قابو پالیں گے۔