• news

قومی اسمبلی : ایل این جی 31 مارچ سے سسٹم میں شامل ہو جائیگی، شاہد خاقان : قیمت بتانے سے انکار

اسلام آباد (نامہ نگار+ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ پیپلزپارٹی کی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ خود کو بڑا پڑھا لکھا سمجھتی ہے لیکن ایوان کے اندر ان کے رویہ سے لگتا ہے کہ تعلیم نے ان کا کچھ بگاڑا نہیں ہے۔ خواجہ آصف کے بیان پر اپوزیشن نے شدید ہنگامہ کھڑا کردیا خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ روز ن لیگ کی نو منتخب رکن شذرہ منصب کھرل پہلی دفعہ ایوان میں اظہار خیال کررہی تھیں اور اپنے مرحوم و الد کی خدمات کو یاد کر رہی تھیں لیکن نفیسہ شاہ نے بے بنیاد اعتراض اٹھا کر انہیں بولنے نہیں دیا۔ نفیسہ شاہ خود کو پڑھا لکھا سمجھتی ہیں تعلیم انسان کے ضمیر اور شعور کو ابھارتی ہے اور پڑھے لکھے لوگ بڑا دل رکھتے ہیں لیکن لگتا ہے کہ نفیسہ شاہ کا تعلیم نے کچھ بگاڑا نہیں ہے جس پر شدید ہنگامہ آرائی ہوگئی۔ خورشید شاہ ‘ نوید قمر نے کہا کہ وزیر دفاع معافی مانگیں لیکن وزیر دفاع معافی مانگے بغیر ایوان سے چلے گئے بعد میں نفیسہ شاہ نے اپنے موقف کی وضاحت کی اور کہا کہ ان کا مقصد کسی معزز رکن کا دل دکھانا نہیں تھا بلکہ قواعد و ضوابط کی پاسداری کرانا تھا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے کریڈٹ بیوروز بل 2015ء اور لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ترمیمی بل 2014ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔وقفہ سوالات میں ایوان کو بتایا گیا کہ کم عمری کی شادی اور دیگر عائلی امور کے حوالے سے اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات وزارت پارلیمانی امور کو بھجوا دی گئی ہیں، نیب نے جون2013سے اب تک کرپشن کے869مقدمات کی انکوائریاں،201مقدمات کی تحقیقات کیں جبکہ رضاکارانہ واپسی اور پلی بارگین کے تحت3880.474 ملین روپے ریکور کئے،31مارچ تک ایل این جی در آمد کے منصوبے کا آغاز ہو جائے گا ، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتیں بچوں کے مسائل پر قانون سازی کر سکتی ہیں ، مسلح افواج میں افسروں کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے اور کمشن اور سروسز کی دیگر کیٹیگریز کیلئے کسی طبقہ اقلیتوں کیلئے کوئی کوٹہ مقرر نہیں ہے، سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کم عمری کی شادی اور دیگر عائلی امور کے حوالے سے اسلامی نظریہ کونسل کی سفارشات وزارت پارلیمانی امور کو بھجوا دی گئی ہیں، اسلامی نظریہ کونسل صرف سفارشات پیش کرتی ہے قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے۔وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے بتایا کہ اگر 31 مارچ تک ایل این جی کی درآمد کا آغاز ہوجاتا ہے تو یہ ایک تاریخی پیش رفت ہوگی۔ سی این جی سٹیشنوں پر پابندی کی وجہ سے نئے سٹیشن قائم کرنے کے لئے اوگرا نئے لائسنس جاری نہیں کررہا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد 31 مارچ سے شروع ہوگی، ایشیا کے مقابلے میں پاکستان میں ایل این جی کی قیمت سب سے بہتر ہو گی‘ قیمتوں کے حوالے سے فلور پر معاہدے کی وجہ سے نہیں آگاہ کر سکتے اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے وہاں پر تمام اعداد و شمار پیش کردیں گے‘ ایل این جی کی درآمد انتہائی مناسب نرخ پر کی جارہی ہے‘ ایل این جی سب سے پہلے توانائی کے شعبے کو دی جائے گی، اس ایوان سے نہ اب تک کوئی بات خفیہ رکھی ہے نہ آئندہ رکھیں گے، ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا متعدد مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت ایل این جی ملک میں لانے میں ناکام ہوئی ہے، ایل این جی کی وجہ سے ملک میں دس فیصد اضافی بجلی پیدا کی جاسکے گی، توانائی کے شعبہ میں سالانہ 300 ملین ڈالر کا ایندھن کم خرچ ہوگا، اس دوران ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سپیکر سے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کی اجازت طلب کی جس پر سپیکر نے کہا کہ قواعد سے ہٹ کر کوئی کارروائی نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی کی خواتین نے کھڑے ہوکر شور کیا تو سپیکر نے کہا کہ آپ اس طرح چیئر کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتیں اس کے علاوہ وہ رولنگ بھی دے سکتے ہیں۔نیشن رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر شاہد خاقان نے بتایا کہ ایل این جی کی پہلی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی۔

ای پیپر-دی نیشن