• news

’’زکوٹا جن‘‘ منا لاہوری پر فالج کا حملہ‘قوت گویائی متاثر‘بستر سے لگ گئے

لاہور(سیف اللہ سپرا+تصاویر:نوازعالم) پی ٹی وی کے ڈرامہ’’عینک والا جن‘‘ سے شہرت پانے والے منا لاہوری المعروف زکوٹا جن فالج کے حملے کے بعد گزشتہ دس ماہ سے بستر علالت پر ہیں۔ بیماری کے باعث ان کی قوت گویائی بھی متاثر ہوگئی ہے اور ان کا دایاں ہاتھ بھی حرکت نہیں کرتا وہ کچھ بولتے تو ہیں مگر ان کی باتوں کی پوری طرح سمجھ نہیں آتی۔ وہ گزشتہ دس ماہ سے کوئی کام کاج نہیں کرسکے روزنامہ نوائے وقت سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ اب کچھ بہتر ہوں مگر ڈاکٹروں کے مطابق مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے لاتعداد سٹیج ڈراموں میںکام کیا پی ٹی وی پر کئی ڈرامے کئے ہیں جن میں ممتاز ڈرامہ رائٹر اے حمید کا تحریر کردہ اور حفیظ طاہر کا پروڈیوس کردہ ڈرامہ ’’عینک والا جن‘‘ بھی شامل ہے۔ میں نے اپنے فنِ اداکاری کے ذریعے کئی برسوں تک لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں مگر جب مجھ پر برا وقت آیا تو کسی نے پوچھا تک نہیں۔ میں نے گزشتہ دس ماہ سے اپنے گھر میں بستر علالت پر پڑا ہوں مگر کوئی شخص میرے پاس نہیں آیا۔ حکومت کی طرف سے 25 ہزار روپے ماہوار وظیفہ مقرر ہوا تھا گزشتہ دو ماہ سے وہ بھی نہیں ملا۔ بیماری اور بے روزگاری کے دس ماہ جس اذیت میں مَیں نے گزارے ہیں وہ میں ہی جانتا ہوں یا میرا اللہ جانتا ہے، میری فیملی 6 افراد پر مشتمل ہے اور گھر میں کمانے والا صرف میں ہی ہوں بچے ابھی چھوٹے ہیں اور زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی وی کے ڈراموں کے چیک جو زیرالتوا ہیں وہ جلد جاری کردئیے جائیں اور میرا 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ جو دو ماہ سے بند ہے فوراً جاری کیا جائے تاکہ میں اور میرے بیوی بچے دو وقت کی روٹی تو کھا سکیں۔ منا لاہوری لاہور کی مضافاتی آبادی رچنا ٹائون میں واقع اپنے ایک عزیز کے گھر میں مقیم ہیں اور اکثر گھر کے باہر چارپائی پر لیٹے رہتے ہیں اور سارا دن اپنے ملنے والوں کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن