فیصل آباد: دکانیں زبردستی بند کروانے اشتعال انگیز تقاریر پر 70 افراد کیخلاف مقدمات، حامد رضا کے گھر چھاپہ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد شہر میں احتجاجی مظاہرے کرنے، زبردستی دکانیں بند کروانے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل سمیت 10نامزد افراد سمیت 70 افراد کے خلاف تین تھانوں میں چار مقدمات درج کر لئے گئے۔ سنی اتحاد کونسل کی کال پر تنظیمات اہلسنّت نے شہر بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین میں شامل ڈنڈا بردار فورس نے زبردستی گھنٹہ گھر، آٹھ بازاروں کی دکانیں بند کروائی اور تقاریر بھی کی گئی تھیں۔ جس پر پولیس نے سکیورٹی اداروں کی مدعیت میں تھانہ جھنگ بازار میں دو مقدمات، ریل بازار اور تھانہ کوتوالی میں ایک ایک مقدمہ درج کیا ہے جس میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، فرحان قادری، حاجی رمضان، الٰہی بخش، رانا عمران، میاں فہیم، عاطف شاہ، فاروق چشتی، رانا شہباز سمیت 60 نامعلوم افراد پر اشتعال انگیز تقاریر، 16ایم پی او کی خلاف ورزی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔ معتبر ذرائع کے مطابق اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایات پر گزشتہ روز شہر میں احتجاجی مظاہرے کرنے والے افراد کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ علاوہ ازیں پولیس نے گزشتہ روز سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کے فیصل آباد میں گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق چھاپے کے وقت صاحبزادہ حامد رضا گھر پر نہیں تھے۔ منگل کے روز زبردستی دکانیں بند کرانے اور توڑپھوڑ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
گھر پر چھاپہ