• news

سیالکوٹ میں پتنگ بازی کے دوران 6 سالہ بچہ چھت سے گرکر جاں بحق

سیالکوٹ (نامہ نگار) تھانہ حاجی پورہ کی حدود میں 6 سالہ بچہ پتنگ بازی کے دوران چھت سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ کھوکھر ٹائون میں محنت کش ارشد کا 6 سالہ بیٹا فرحان اپنے گھر کی چھت پر پتنگ بازی کر رہا تھا۔ پائوں پھسل جانے سے چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوا جسے گورنمنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جاں بحق ہوگیا۔ معصوم بچے کی ہلاکت پر متوفی بچے کے ورثاء دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سیالکوٹ میں گزشتہ کئی روز سے پنجاب حکومت کی پابندی کے باوجود پتنگ بازی جاری ہے۔ تھانہ حاجی پورہ سمیت متعدد تھانوں کی پولیس نے چالیس سے زائد پتنگ باز اور پتنگ فروش بھی گرفتار کئے تھے لیکن پتنگ بازی تاحال نہ رک سکی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سیالکوٹ میں چھ سالہ بچے کی پتنگ بازی کے دوران چھت سے گر کر جاں بحق ہونے والے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے، پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے عائد کردہ پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود سیالکوٹ میں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے۔ پنجاب حکومت نے ڈی سی او سیالکوٹ ندیم سرور اور ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر شہزاد آصف سے رپورٹ طلب کی ہے اور کسی ذمہ دار سرکاری افسرکو معاف نہیں کیا جائے گا۔ یہ افسوسناک واقعہ پولیس اور انتظامیہ کی یقینی طور پر نااہلی کا ثبوت ہے جس کا حکومت نے نوٹس لے لیا ہے۔
بچہ جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن