• news

ورلڈ کپ : آسٹریلیا دفائی چیمپئن بھارت کو روند کر فائنل میں، پرسوں نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا

سڈنی(چودھری اشرف/ سپورٹس پورٹر) عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2015ء کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان آسٹریلیا نے دفاعی چمپیئن بھارت کو 95 رنز سے شکست دیکر تیسری مرتبہ چمپیئن بننے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ پرسوں فائنل میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہو گا۔میزبان آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 328 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں لڑکھڑاتے ہوئے 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سٹیون سمتھ کو میچ میں شاندار سنچری سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے ساز گار وکٹ پر میزبان آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے جس میں سٹیون سمتھ کی شاندار سنچری کے علاوہ ایرون فنچ کے 81 نمایاں رنز شامل تھے۔ سمتھ کی ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ میں چوتھی سنچری تھی۔بھارت کی جانب سے یادیو نے 72 رنز کے عوض چار، شرما نے 75 رنز دیکر دو جبکہ ایشون نے 42 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم 233 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ کپتان دھونی 65 کے سکور پر رن آئوٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے باولنگ میں فالکنر نے تین، سٹارک اور جانسن نے دو دو جبکہ ہیزل ووڈ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ فائنل اتوار کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔بی بی سی کے مطابق آسٹریلیا نے اب تک ورلڈ کپ کا کوئی سیمی فائنل نہیں ہارا۔جبکہ بھارت نے تین میں سے دو سیمی فائنل جیتے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل میں بننے والے 328 رنز سب سے بڑا سکور ہے۔ آسٹریلیا نے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں 95 رنز کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل بھارت نے کینیا کے خلاف 91 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سٹیون سمتھ نے دسویں بار 50 یا اس سے زیادہ رنز بنائے اور تمام میچز آسٹریلیا نے جیتے ۔

ای پیپر-دی نیشن