نیا پاکستان بنانے کے دعویدار دو برس میں کچھ نہ کر سکے ہم خیبر پی کے کو بہترین بنائیں گے : وزیراعظم
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) وزیراعظم نواز شریف نے پشاور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا حال بھی آپ کا ہے اور مستقبل بھی، ہم نے خیبر پی کے میں اکثریت کی حامل پارٹی کو حکومت بنانے کا پورا موقع دیا۔ ہم نے کہا کہ آپ نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں ہم نیا خیبر پی کے دیکھنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے ووٹوں میں صرف ایک لاکھ کا فرق ہے۔ نیا پاکستان ہم نے بنایا اور آئندہ بھی بنائیں گے۔ دو سال ہونے کو آئے کیا خیبر پی کے میں نئے پاکستان کی جھلک نظر آئی؟ ہم نے کہا کہ تحریک انصاف کے ووٹ زیادہ ہیں صوبے میں ان کی حکومت ہونی چاہئے، ہمیں فضل الرحمن نے بھی صوبے میں حکومت بنانے کی دعوت دی، ہمارے بعد کوئی نیا موٹر وے نہیں بنایا گیا، لاہور کراچی موٹر وے بننے کے بعد لوگ گاڑیوں پر کراچی جانا چاہیں گے۔ نئے موٹر وے بننے سے دل ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا دہشت گرد بھاگ رہے ہیں، ان کی کمر توڑ دی ہے، جو فرقہ واریت کے نام پر قتل کرتے ہیں ان کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں، تین برس میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی، دہشتگردی کے جن کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا جائےگا۔ بھاشا ڈیم منگلا ڈیم سے بھی بڑا ہو گا، میں ہوا میں تلوار نہیں چلاتا، ہم گھر گھر گیس پہنچائیں گے۔ وہ کام کرتا ہوں جس میں لوگوں کا مفاد ہو۔ ہم پاکستان کو پرامن ملک بنائیں گے۔ میں نواز شریف ہوں کسی کے خلاف بات نہیں کرتا، کسی پر الزامات نہیں لگاتا، جھوٹ نہیں بولتا، گالی نہیں دیتا، بہتان نہیں باندھتا، کسی کیخلاف گندی زبان استعمال نہیں کرتا۔ قبل ازیں گورنر ہاﺅس پشاور میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز اور ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت کئی چیلنجز ہیں، ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے زبردست نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ میں اضافے سے ہی ترقی ہو گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے۔ پاکستان کا امیج دنیا میں بہتر ہو رہا ہے۔ ملکی معیشت میں بہتری کا اعتراف عالمی ادارے اور میڈیا کر رہے ہیں۔ امید کی کرن پیدا ہوئی ہے اور مستقبل روشن ہو گا۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف صحیح معنوں میں آپریشن کر رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ میرٹ پر پارٹی ٹکٹیں دی جائیں گی۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کی بات کرنے والے 2 سال گزرنے کے باوجود صوبے کو نیا نہیں بنا سکے، ہم نیا نہیں بہترین خیبر پی کے بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے مسلم لیگ ن کا گڑھ رہا ہے جلد مقام واپس دلائیں گے جلد خیبر پی کے کے ہر شہر کا دورہ کروں گا۔ پاکستان کو دنیا میں مثبت شناخت امن، بہتر معیشت اور شفاف پالیسیوں سے پیش کیا جا سکتا ہے، پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر دارومدار توانائی پر ہے، چیلنج پر قابو پا کر ہم صنعتی اور زرعی شعبوں میں ترقی دیکھیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اتفاق رائے کی سیاست اور برداشت پر یقین رکھتی ہے، پوری قوت سے دہشت گردوں اور مجرموں کا خاتمہ کر رہے ہیں، ملک میں کسی مسلح جتھے کی اجازت نہیں دی جائےگی، انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے عوام کے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے جو ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی نہیں لے رہی اور نہ ہی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ورکرز کنونشن میں خطاب کے دوران نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کو پورا موقع دیا جن کے پاس اکثریت تھی، لیکن دوسال گزرنے کے باوجود بھی وہ کچھ نہ کرسکے کوئی تبدیلی نہیں آسکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم 3 برس میں پاکستان کو پرامن ملک بنائیں گے اور بجلی کی قلت ختم کریں گے۔ وزیراعظم سے امیر مقام نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے انجینئر امیر مقام کو ان کے تمام تحفظا ت دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نوازشریف