• news

سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کا خاتمہ جمہوریت کیلئے نیک فال ہے: اقبال جھگڑا

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی مدت کے دو سال پورے ہونے سے پہلے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب اور توانائی کے بحران کو حل کرنے کیلئے مختلف منصوبے شروع کر کے حکومت کی سمت واضح کر دی ہے اور پانچ سالہ میعاد پوری ہونے سے پہلے پاکستان خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہو جائے گا۔ وہ گزشتہ روز ”نوائے وقت“ سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز کے خاتمے کو جمہوریت کیلئے نیک فال سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم متحدہ قومی موومنٹ کے مخالف نہیں ہیں بحیثیت سیاسی جماعت پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایم کیو ایم ایک بڑی پارٹی ہے تاہم اس جماعت میں اگر جرائم پیشہ موجود ہیں تو ان کے خلاف کارروائی اسی طرح ہونی چاہئے جیسی مسلم لیگ ن یا کسی اور جماعت میں اگر جرائم پیشہ ہوں تو کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں جوڈیشل کمشن کی تشکیل پر اتفاق ہو چکا ہے، اگلے چند روز میں کمشن قائم ہو جائے گا جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ اقبال جھگڑا نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ”موڈیز“ نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، گھی، چاول، آلو، پیاز سمیت اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ عوام کی زندگیوں کو سہل بنانا مسلم لیگ ن کا ایجنڈا ہے۔ بلدیاتی الیکشن غیرجماعتی بنیادوں پر ہونگے۔
اقبال جھگڑا

ای پیپر-دی نیشن