گوجرانوالہ: پسند کی شادی نہ ہونے پر نوبیاہتا دلہن کو قتل کر کے خودکشی کر لی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان نے نوبیاہتا دلہن کو فائرنگ کر کے قتل کر نے کے بعد خودکشی کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ جلال بلگن کی رہائشی منزہ کی شادی تین روز قبل لاہور کے رہائشی قیصر کے ساتھ ہوئی تھی، گذ شتہ روز نوبیاہتا دلہن اپنے شوہر کے ہمراہ سسرال سے میکے آئی ہوئی تھی جہاں پر نت کلاں کے رہائشی ندیم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے منزہ کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ کینٹ پولیس کے مطابق ندیم، منزہ کے ساتھ شادی کا خواہشمند تھا جس نے اپنے گھر والوں کو رشتے کیلئے منزہ کے گھر بھی بھجوایا تھا لیکن لڑکی کے گھر والوں نے اس رشتے سے انکار کر تے ہوئے منزہ کی شادی تین روز قبل لاہور کے رہائشی قیصر سے کر دی تھی۔ واقعہ کے بعد خوشیوں بھرے گھر میں صف ماتم بچھ گئی تاہم پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعشوں کو ورثاءکے حوالے کر کے مقتولہ کے والد کی درخو است پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
دلہن قتل