صولت مرزا کی پھانسی 30 روز کیلئے مؤخر کی جائے: وزیراعظم نے صدر کو ایڈوائس بھجوا دی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آن لائن) وزیراعظم نواز شریف نے مچھ جیل میں پھانسی کی سزا کے منتظر ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی 30 دن کے لئے مؤخر کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کو 19 مارچ کو پھانسی دی جانی تھی لیکن پھانسی سے چند گھنٹے قبل صولت مرزا نے ایم کیو ایم کے راز فاش کر دئیے تھے جس کے بعد تحقیقات کے لئے صولت مرزا کی پھانسی 3 روز کے لئے مؤخر کر دی تھی۔ مزید تفتیش کے لئے وزیراعظم نے صولت مرزا کی پھانسی 30 دن کے لئے مؤخر کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ اس حوالے سے ایڈوائس صدر کو بھجوا دی ہے۔ واضح رہے کہ صولت مرزا کے یکم اپریل کو پھانسی دینے کے دوسری مرتبہ بلیک وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔ مچھ جیل کوئٹہ کے سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ متحدہ قومی کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی کی نگرانی کے لئے جوڈیشل مجسٹریٹ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مچھ جیل کے سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے ہیں۔ جیل کے چاروں اطراف پولیس اور ایف سی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ صدر دروازے پر ایف سی اہلکاروں سے بھری ایک گاڑی بھی مستقل کھڑی کر دی گئی ہے جو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہے گی۔ صولت مرزا اہلخانہ کو بھی براہ راست ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور جیل حکام کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے اہلخانہ کو براہ راست ملاقات نہیں کروا سکتے لہذا ویڈیو لنک کے ذریعے صولت مرزا کے اہلخانہ کو ملاقات کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ جمعہ کے روز بھی صولت مرزا کے 2 بھانجے ملاقات کے لئے آئے لیکن ان کی ملاقات بھی براہ راست نہیں ہو سکی اور ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی ملاقات کرائی گئی ہے۔