ہر طرف گولہ باری ہورہی ہے بحفاظت نکالا جائے، یمن میں محصور پاکستانیوں کی اپیل
صنعاء (نوائے وقت رپورٹ) یمن کے دارالحکومت صنعاء میں محصور پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں بحفاظت نکالا جائے، ہر طرف گولہ باری ہورہی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی خاتون نوشین نے کہا کہ ہماری جان بچائی جائے، حکومت پاکستان مدد کرے، بہت پریشان ہیں ہر 10 منٹ بعد بمباری ہوتی ہے، بچے خوفزدہ ہیں۔ سفارتخانے سے رابطے میں ہیں۔ یوسف نے کہا کہ یہاں سے نعشیں لے کر نہیں جانا چاہتے۔ وزیراعظم فوری طورپر سعودی عرب سے رابطہ کریں اور پاکستانی طیارے سعودیہ میں اتارے جائیں خدا کے لئے جلدی کریں۔ فرحان فاروقی اور علی حسن نے بتایا کہ بلیک آئوٹ ہے فیملی گھروں کے بیسمنٹ میں ہے۔ بمباری جاری اور کرفیو لگا ہوا ہے۔ زندگیاں خطرے میں ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف اور سعودی فرمانروا سے اپیل ہے کہ طیارے بھجوا کر زندگیاں بچائی جائیں۔ دیگر ممالک نے اپنے شہریوں کا انخلا کیا ہے۔ عمران، انیس نے بتایا کہ شدید بمباری کی وجہ سے تمام راستے بند ہیں، سو سکتے ہیں نہ جاگ سکتے ہیں، حکومت نے کوئی بندوبست نہیں کیا، شدید مشکلات ہیں۔