ڈرگ کورٹ میں مقدمات کی تعداد بڑھنے لگی، رواں ماہ 71 دائر ہوئے
لاہور(شہزادہ خالد) دیوانی اور فوجداری عدالتوں کی طرح ڈرگ کورٹ میں بھی زیر التوا مقدمات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ ڈرگ کورٹ میں رواں ماہ 71 نئے مقدمات دائر کئے گئے اور 65کے فیصلے کئے گئے۔ زیر سماعت مقدمات کی تعداد 578 ہو گئی ہے۔ مارچ 2015 ءمیں چیئرمین ڈرگ کورٹ نے ایک سو کے قریب ملزمان کو قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائیں۔ غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹوروں کو مجموعی طور 12 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔ سزا یافتہ ملزمان میں زیادہ تر عطائی شامل ہیں۔ ڈرگ کورٹ کی طرف سے ملزموں کو تا برخاست عدالت قید کی سزا سنانے کی روائت عام ہو گئی ہے۔ لاہور کی ڈرگ کورٹ ڈویژنل کورٹ ہے جس میں قصور، ننکانہ ،اوکاڑہ، مریدکے اور شیخوپورہ کے کیسز زیر سماعت ہیں۔ شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ کے سائلوں نے کہا ہے کہ انکے اضلاع میں ڈرگ کورٹس قائم کی جائیں انہیں دور دراز کا سفر کر کے لاہور آنا پڑتا ہے۔
ڈرگ کورٹس