عالمی طاقتیں مذاکرات کا منفرد موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں: ایرانی صدر
تہرا ن(آن لائن)ایران کے صدر حسن روحانی نے جوہری پروگرام پر معاہدے کے لیے چھ عالمی طاقتوں کے سربراہان کو براہ راست اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیں جو خطے اور دنیا کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔امریکہ سمیت چھ چالمی طاقتیں ایران سے اس کے جوہری پروگرام پر بات چیت کر رہی ہیں اور ان ممالک کے وزیر خارجہ سوئٹزرلینڈ میں جمع ہو رہے ہیں اور 31 مارچ کی مقررہ کردہ ڈیڈ لائن سے پہلے ممکنہ جوہری معاہدے پر پہنچنے کے لیے مذاکرات کریں گے۔ایرانی صدر حسن روحانی نے مذاکرات میں حصہ لینے والی تمام چھ عالمی طاقتوں کے سربراہوں کو خط لکھا ہے جبکہ برطانیہ، فرانس، روس اور چین کے سربراہان سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔صدر حسن روحانی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق انھوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ یہ موقع خطے اور دنیا کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔