• news

بجلی پر سبسڈی مزید کم‘ گیس قیمتوں میں رودبدل کیا جائے‘ پاکستان کی معاشی کارکردگی بہتر‘ چیلنجز بدستور موجود ہیں : آئی ایم ایف

اسلام آباد (صباح نیوز+ نیٹ نیوز) آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے میں سبسڈی مزید کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کے چھٹے جائزے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے لیکن اسکو بدستور چیلنجز درپیش ہیں۔ پائیدار ترقی کیلئے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل جاری رکھا جائے۔ ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے قوانین پرعملدرآمد کرایا جائے جبکہ گیس کی بہتر فراہمی کیلئے قیمتوں میں رد و بدل کیا جائے۔ آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک کی خود مختاری میں اضافے کیلئے قانون سازی اہم ہے، مرکزی بینک کی کارکردگی میں بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں اور سٹیٹ بینک سے قرضوں کے حصول میں کمی لائی جائے۔ آئی ایم ایف نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان منی لانڈرنگ اور ٹیکسوں سے متعلق جرائم کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان سرکاری اداروں کی نجکاری کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہے۔ مشکلات کے باوجود ڈھانچہ جاتی اصلاحات میں پیشرفت ہو رہی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ذریعے بجلی ٹیرف میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ توسیع فنڈ کی منظوری دیتے ہوئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے یاد دلایا کہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان انسانی اور قدرتی وسائل سے مالامال ہونے اور اپنے جغرافیائی محلِ وقوع کی وجہ سے بے شمار صلاحیت رکھتا ہے۔ بورڈ نے حکومت کے اقتصادی اصلاحات کے پروگرام کی توثیق کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معیشت کی ازسرِنو بحالی میں مدد دیگا۔ ادائیگیوں کے بحران میں توازن کی پیش بندی کریگا، اصلاحاتی پیکیج مالیاتی خسارے کو کم اور سرمایہ کاری اور ترقی کو فروغ دے گا تاہم آئی ایم اےف کی ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور قائم مقام سربراہ نعمت شفیق نے نشاندہی کی کہ پاکستان کو تاحال سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، مجموعی طور پر معیشت کمزور ہے اور بحران کے بڑھتے ہوئے خطرات برقرار ہیں۔ آن لائن کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت پر اظہارِ اطمینان کر دیا اور 51 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی قسط منظوری دیدی ، رقم پیر تک پاکستان کو مل جائیگی۔ اس طرح آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کا چھٹا جائزہ مکمل کرلیا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ معاشی اصلاحات کاعمل جاری رکھے، آئی ایم ایف نے 2013ءمیں پاکستان کیلئے6 ارب 70 کروڑ ڈالر کے توسیع فنڈ پروگرام کی منظوری دی تھی۔ وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کے مطابق پروگرام کی ساتویں قسط کی رقم پیر تک پاکستان کے اکاو¿نٹ میں منتقل ہوجائیگی جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 16 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے۔
آئی ایم ایف


ای پیپر-دی نیشن