• news

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات : کاغذات نامزدگی آج سے 31 مارچ تک وصول کئے جائینگے

لاہور (خصوصی رپورٹر) بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پاکستان بھر کے کنٹونمنٹس بورڈز کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی داخل کروانے کا مرحلہ (آج) اتوار 29 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔ کاغذات 31 مارچ تک داخل کروائے جا سکیں گے۔ الیکشن کمشن کے شیڈول کے مطابق 2 سے 4 اپریل تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 4 سے 6 اپریل تک کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں اور کاغذات کی منظوری پر اعتراضات دائر کئے جا سکتے ہیں۔ 9 اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دئیے جائیں گے جبکہ امیدوار 10 اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 11 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے۔ پولنگ 25 اپریل کو ہو گی۔ شہروں میں قائم 42 کنٹونمنٹ بورڈ میں 199 وارڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں 21 کنٹونمنٹ بورڈ، سندھ 8، خیبر پی کے 10 اور بلوچستان کے 3 کنٹونمنٹ بورڈ میں جن میں بالترتیب پنجاب میں 166، سندھ میں 44، خیبر پی کے 30 اور بلوچستان 9 وارڈز بنائے گئے ہیں۔ ہر وارڈ کی ایک جنرل نشست پر انتخاب کرایا جائے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈز میں جنرل نشستوں پر انتخابات 25 اپریل کو کرائے جائیں گے۔

کنٹونمنٹ/ بلدیاتی الیکشن


ای پیپر-دی نیشن