فضل الرحمن کی ملاقات‘ یمن کی صورتحال پر مذہبی‘ سیاسی رہنماﺅں سے مشاورت کرینگے‘ زرداری
کراچی ( سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ہفتہ کو بلاول ہاو¿س میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ،کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر صوبوں میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات ،یمن کی صورتحال اور اس معاملے پر حکومت کی موجودہ پالیسی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے کہا یمن کی صورتحال پر حکومت کو تمام پارلیمانی جماعتوںاور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے اور تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ حکمت عملی مرتب کی جائے ۔سابق صدر نے کہا یمن کی صورتحال پر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل حکومت کو آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکومتی فیصلہ غیر جمہوری ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا یمن کی صورتحال پر حکومت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کرے ۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں ۔دونوں رہنماو¿ں میںاس بات پر اتفاق کیا گیا موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا ۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سابق صدر نے یمن کے مسئلے پر تمام جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری اپوزیشن رہنماﺅں سے ملاقاتیں اور ٹیلیفونک رابطے کریں گے ۔آصف زرداری جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سے بھی رابطہ کریں گے، آصف زرداری نے کہا ہے تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد اپوزیشن اپنا فیصلہ دے گی۔ترجمان کے مطابق آصف علی زرداری یمن کی صورتحال پر دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی مشاورت کریں گے، حکومت یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے۔
زرداری/فضل الرحمن