شاہدرہ: گرم دودھ پھینک کر بچے کو قتل کرنیوالی خاتون کی عدم گرفتاری ماں نے زہر کھا کر خودکشی کرلی
لاہور (سٹاف رپورٹر) ننھے بچے پر گرم دودھ پھینک کر قتل کرنیوالی خاتون کی عدم گرفتاری پر ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کےلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ شاہدرہ گاﺅں کی ممتاز بی بی کا 1 سال 4 ماہ کا بیٹا ارسلان تھا۔ ایک ماہ قبل ممتاز بی بی کا خاوند اکمل دکان پر تھا کہ اسی دوران ممتاز بی بی کا کسی عورت سے جھگڑا ہوگیا جس پر خاتون نے ارسلان پر گرم گرم دودھ پھینک دیا جس سے وہ بری طرح جھلس گیا اور دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تاہم دودھ پھینکنے والی خاتون کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ارسلان کی موت پر ممتاز بی بی شدید بیمار ہوگئی اور اسکا ذہنی توازن بھی خراب ہونا شروع ہوگیا۔ ممتاز بی بی کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ممتاز کی بہن شہناز اسے اپنے گھر لے گئی جہاں ممتاز بی بی نے مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہے۔
ماں /خودکشی