وادی تیراہ : فوج کی زمینی کارروائی‘ 15 دہشت گرد ہلاک : چارسدہ میں تین افراد قتل
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) خیبر ایجنسی کے علاقہ تیراہ میں آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تیراہ کے علاقہ مستگ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کیا اور چیک پوسٹ پر متعدد دسکیورٹی فورسز نے انکے خلاف آپریشن شروع کیا جس میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ 10 دہشت گردوں کی نعشیں سکیورٹی فورسز کے پاس ہیں، آپریشن میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مننگ موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا جس کے بعد شدید لڑائی کا آغاز ہوگیا۔ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ 10 دہشت گردوں کی لاشوں کو اسلحہ سمیت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 23 مارچ کو آئی ایس پی آر نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ فوج نے تیراہ میں مستول سرنگ پر قبضہ کرلیا ہے جسے دہشت گرد خیبر ایجنسی سے افغانستان آنے جانے کیلئے استعمال کیا کرتے تھے۔ ادھر چارسدہ میں گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد مارے گئے جبکہ پشاور میں سکیورٹی فورس کی کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جبکہ 5 خود کش جیکٹس برآمد کر لی گئیں۔ خیبر ایجنسی کے علاقے میں دہشت گردوں نے مننگ سیکٹر میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی، فوج نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لیکر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا اور اس دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ کئی گھنٹے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق چارسدہ کے علاقے تالا شاہ میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے گاڑی میں سوار 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ گرفتار دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملے اور سکولوں کو دھماکے سے اڑانے میں ملوث تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت محمد اللہ اور اکرم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنیوالوں نے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا اور پشاور کے علاقے باڑہ شنوبر سے پانچ خودکش جیکٹس برآمد کرلی ہیں، جو پشاور میں دہشت گردی کیلئے تیار کی گئی تھیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق تحریکِ طالبان کی جانب سے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات تھیں۔ رائٹرز کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دہشت گردوں کی طرف سے ہلاکتوں کی تردید کی جا رہی ہے۔
وادی تیراہ/ لڑائی