میر پور میں نواز شریف ، زرداری کو شکست دی، پی ٹی وی حملے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے: عمران
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی نے ایک گیند سے دونوں وکٹیں گرا دیں، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے نواز شریف اور زرداری دونوں کو شکست دے دی، نائن زیرو سے بھی تحریک انصاف جیتے گی۔ انہوں نے کہا کسی صورت یمن جنگ میں فریق نہیں بننا چاہئے، فریق بنے تو یمن میں پاکستانیوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کیلئے پوری کوشش کی جائے، میرپور کا ضمنی الیکشن جیتنے پر خوشی ہوئی ہے۔ آن لائن کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا یمن جنگ کے پیچھے اسرائیل ہے، یمن کے معاملے پر غیرجانبدار رہنا قومی مفاد میں ہے، پی ٹی وی حملے میں تحریک انصاف کا کوئی ہاتھ نہیں اس پر بھی جوڈیشل کمشن بننا چاہئے، ایم کیو ایم سے ہماری کبھی صلح نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا پاکستان کو یمن کی جنگ میں کسی صورت فریق نہیں بننا چاہئے، جنگ میں پڑ کر ملک کو مصیبت میں ڈالیں گے، آڈیوٹیپ ریکارڈ کرنا جرم ہے، ٹیپ پرکسی قسم کی وضاحت نہیں دوں گا، وزیراعظم نے فون ٹیپ کرنے کی اجازت دی، حکومت نے ٹیپ کے ذریعے تحریک انصاف پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، تفتیش ہونی چاہئے ٹیپ ریکارڈکس نے کی ۔پی ٹی وی پرحملہ میں تحریک انصاف کاکوئی ہاتھ نہیں، نشریات کی بندش میں اندرکے لوگ ملوث ہیں، آدھے گھنٹے میں نشریات کیسے بند ہوگئیں، چاہتا ہوں پی ٹی وی حملے پر بھی جوڈیشل کمیشن بنے، کراچی میں لوگوں کو اکٹھاکرنے جا رہا ہوں ،کراچی میں دو جلسے کئے، ایم کیو ایم کو بتا دیا تھا ہم آپ کوکچھ نہیں کہیں گے، ہمارے جلسوں میں بچے اور خواتین شامل ہوتے ہیں، ایم کیو ایم سٹیٹس کو کی جماعت ہے، ایم کیو ایم پرویزمشرف کے ساتھ بیٹھے تھے اس وقت فوج بری نہیں تھی، جو کرنا چاہتے تھے کر رہے تھے، ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر زیادہ تر اپنے لوگوں کو مارتے ہیں، ایم کیو ایم والے مارنے کے بعد اوپر اپنا جھنڈا ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم میں جو بھی اختلاف لاتے ہیں اسے الطاف حسین مروا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ولی بابرکا قتل الطاف حسین نے کرایا، ولی بابرکے سات گواہوں کو قتل کیاگیا، 2007ء میں الطاف حسین کے خلاف اکیلا بات کرتا تھا آج دوسرے لوگ بھی باتیں کررہے ہیں ،ایم کیو ایم سے ہماری کبھی صلح نہیں ہوئی، ایم کیو ایم کو دھرنے میں آنے کی دعوت دیتے تو لوگ بھول جاتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا ولی بابر کے ساتھ گواہوں کو آنکھوں میں گولیاں ماری گئیں۔ انہوں نے کہا بزنس مین کو ملک کا وزیراعظم نہیں بننا چاہئے اقتدار میں پیسہ بنانا سب سے آسان ہے قانون پاس کرینگے سیاستدان کاروبار نہیں کر سکے گا۔ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی ثابت ہو جائے گی۔ جوڈیشل کمشن کا جو فیصلہ ہوگا قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے پولیس مثالی ہے عوام آن لائن ایف آئی آر درج کروا کر سکتے ہیں۔ عدالتوں کی بجائے تھانوں میں مسائل حل ہو جاتے ہیں خیبر پی کے میں بھتہ خوری کم کی، کراچی میں بھی غیر سیاسی پولیس لائیں گے۔ کراچی اٹھے گا تو پاکستان اٹھے گا۔ شہر قائد کے باسیوں کو امن دیں گے۔ پرویز مشرف دور میں ایم کیو ایم کراچی میں بادشاہ بنی تھی۔ عظیم طارق کو مارنے والوں نے جنازے کو کندھا بھی دیا الطاف حسین فلموں میں ولن کا کردار ادا کریں۔ کراچی میں تمام عسکری گروہوں کے خلاف ایکشن ہو رہا ہے۔