• news

میرپور ضمنی الیکشن میں کڑا مقابلہ، تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان کامیاب، پی پی کے امیدوار کو 3026 ووٹوں سے شکست

میرپور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے تھری میرپور شہر کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود جیت گئے، پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا، بارش کی وجہ سے ٹرن آؤٹ کم رہا، کامیابی کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن منایا۔ پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کرنے پر میرپور شہر کی نشست سے بیرسٹر سلطان محمود مستعفی ہو گئے تھے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک پرامن طریقے سے جاری رہا، ریٹرنگ آفیسر حلقہ ایل اے تھری چودھری محمد سجاد کی جانب سے جاری ہونے والا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری 15485 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ اس طرح ان کی برتری 3026 ووٹ کی رہی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے امیدوار چودھری محمد اشرف 12459 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔ آزاد امیدوار چودھری اعجاز رضا 2827 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیدوار انجینئر نعمان اکرم جرال نے 591 ووٹ لے کر چوتھی، مسلم کانفرنس کے امیدوار عبدالقیوم قمر نے 560 ووٹ لے کر پانچویں پوزیشن اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ نے 274 ووٹ لے کر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر رینجرز بھی تعینات تھی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان کڑا مقابلہ ہوا۔ بیرسٹر سلطان محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا عوام نے مک مکا کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے آج تحریک انصاف نے ایک بال پر دو وکٹیں گرائیں۔ تحریک انصاف کو ہرانے کیلئے سرکاری وسائل استعمال کئے گئے۔ سندھ، پنجاب اور وفاق نے سرکاری وسائل استعمال کیلئے آزاد کشمیر حکومت نے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی اور 50 دن تک میرپور میں ڈیرے لگائے رکھے۔

ای پیپر-دی نیشن