• news

خلیج میں جنگ مسلط کرنے سے اسرائیل، امریکہ سمیت یہودی قوتوں کو فائدہ ہو گا: سراج الحق

منڈی بہائوالدین (نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے حرمین شریفین کی حفاظت کرنا مسلم اقوام کی ذمہ داری ہے لیکن سعودی عرب میں فوج بھیجنے کی بجائے پاکستان اور ترکی کو ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ خلیج میں جنگ مسلط کرنے سے اسرائیل اور امریکہ سمیت یہودی قوتوں کو فائدہ ہوگا اور انکے اسلحہ و بارود کے کارخانے چلیں گے۔ منڈی بہائوالدین میں خوشحال پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف اور ترک وزیراعظم اہلیت رکھتے ہیں وہ یمن کے مسئلہ کو حل کروانے میں ثالثی کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا سیاستدانوں کے فون ٹیپ کرنا غیراخلاقی اقدام ہے، 30 مئی کو خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں گے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ایم کیو ایم کو کراچی میں امن کیلئے اپنے مسلح گروہوں کو قانون کے حوالے کردینا چاہئے تاکہ کراچی میں مستقل امن ممکن ہوسکے، ہم سب خوشحال کراچی کے خواہشمند ہیں، جماعت اسلامی کے رہنما ریاض فاروق ساہی نے بھی خوشحال پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد سراج الحق کا منڈی بہائوالدین اس ماہ میں دوسری مرتبہ آنا بلاشبہ اس ضلع کے عوام پر احسان ہے، خوشحال پاکستان کا تصور اس وقت تک پورا نہیں ہوسکتا جبکہ تک ہم ایک ہوکر جدوجہد نہیں کریں گے۔ انہوں نے شرکاء کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن