اوکاڑہ اور پاکپتن میں کرنٹ لگنے سے 4کمسن بچے جاں بحق
پاکپتن + اوکاڑہ+ منڈی احمد آباد (نامہ نگاران) مختلف واقعات میں 4کمسن بچے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں دو معصوم بھائی کھیلتے ہوئے واٹر پمپ سے کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ماں صدمہ سے بے ہوش ہو گئی۔ گائوں 38ایس پی کے غلام محی الدین کے بیٹے 6سالہ عدنان اور 8سالہ زوہیب گھر میں کھیل رہے تھے کہ واٹر پمپ کو عدنان کا ہاتھ چھو گیا جس کو بچاتے زوہیب کو بھی بجلی نے پکڑ لیا، دونوں بھائی بجلی کا کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق دو کمسن بہن بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ نواحی قصبہ ٹھٹھہ بلوچاں کے محمد منشا کا 7سالہ بیٹا ذوالقرنین اپنی بہن 5سالہ نمرہ کے ہمراہ گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج کی تاروں سے چھو جانے کے باعث کرنٹ لگنے سے بری طرح جھلس گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔