• news

ایٹمی توانائی سے سستی بجلی پیدا ہو گی‘ منصوبے جلد مکمل کئے جائیں: اسحق ڈار

اسلام آباد (آن لائن + اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایٹمی توانائی کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا ہے ایٹمی توانائی سے سستی بجلی پیدا کی جائے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں ایٹمی توانائی کے منصوبوں کے ٹو اور کے تھری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سلیم سیٹھی نے بریفنگ میں بتایا ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ایٹمی توانائی کے منصوبے کے ٹو اور کے تھری ملک کے مستقبل کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اوران منصوبوں کی تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ایٹمی توانائی کے منصوبے پاکستان کا مستقبل ہیں۔ پاکستان ان منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کے ٹو اور کے تھری منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہیں۔ چین کا ایگزیم بینک اس منصوبے کیلئے 82 فیصد فنڈز فراہم کر رہا ہے جبکہ باقی لاگت حکومت پاکستان برداشت کر رہی ہے۔ اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور پاک بحریہ کے قائم مقام سربراہ وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق کے درمیان ایک ملاقات ہوئی جس میں آرمڈ فورسز ڈویلپمنٹ پلان کے تحت نیول فورسز کے جامع مقاصد اور آئندہ تین سال کے دوران بجٹ ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام نیول چیف نے ملکی معیشت کی بہتری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے سے متعلق حکومتی کوششوں کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے کہا موجودہ حکومت ڈیفنس فورسز کی ملکی دفاع کیلئے قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ضرورت پڑی تو حکومت نیول فورسز کو بجٹ سپورٹ کے ذریعہ بھی مدد فراہم کرے گی۔ نیول چیف نے وفاقی وزیر سے دفاعی آلات کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کا معاملہ اٹھانے کی بھی درخواست کی جس پر وفاقی وزیر نے اس حوالہ سے اقتصادی امور ڈویژن کو ورکنگ پیپر بھیجنے کیلئے کہا۔

ای پیپر-دی نیشن