کوئٹہ: فائرنگ سے قبائلی رہنما سمیت2 افراد جاں بحق: لورالائی میں چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ
کوئٹہ + لورا لائی(بیورو رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ قبائلی رہنما سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 2 گارڈ زخمی ہوگئے۔ جبکہ لورالائی میں قلعہ سیف اللہ روڈ پر واقع لیویز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا جس کے باعث لیویز کے زیر استعمال گاڑی اور ٹریکٹر تباہ ہوگیا اور کمرے کو نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر کلی ابڑو میں مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے ممتاز قبائلی رہنما میر ظاہر رند اور ان کا ساتھی عبدالمالک موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ سے دو گارڈز کبیر اور محمد آصف زخمی ہوگئے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ادھر ضلع تربت میں لیویز نے دو نعشیں قبضے میں لے لیں جن کی شناخت ولید اور دوش الدین بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ ادھر لورالائی قلعہ سیف اللہ روڈ پر دہشت گردوں نے لیویز چوکی پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی اور ٹریکٹر تباہ جبکہ کمرے کو شدید نقصان پہنچا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی ایف سی اور لیویز اہلکاروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ادھر بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے علاقے صحبت پور میں نامعلوم تخریب کاروں نے دھماکہ خیز مواد سے پرائمری سکول کو اڑا دیا۔ ادھر پشاور میں دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاوہ ازیں فرنٹیئرکور بلوچستان کا خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران حب اور پنجگورسے کالعدم تنظیم بلوچستان لیبریشن فرنٹ کے 7 دہشت گردوں کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اورہینڈگرنیڈ برآمدکرلیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں ضلع کچھی کی تحصیل ڈھاڈر میں مسلح افراد نے سبی جانے والی ویگن سے مسافر کو اتار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا۔ ادھر کوہاٹ سے دو مبینہ دہشت گردوں کو خطرناک ٹائم بم سمیت گرفتار کرکے عوامی مقامات پر تباہی پھیلانے کا خوفناک منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے ایک اطلاع پر ایک گھرپر چھاپہ مارا اور گھر کا محاصرہ کرتے ہوئے ایک کمرے میں چھپایا گیا بم برآمد کرلیا اور اسے ناکارہ بنادیا گیا اور 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔