یمن کے معاملے پر حکومت نے اے پی سی بلائی تو ضرور شرکت کریں گی: شاہ محمود
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یمن کے معاملے پر حکومت نے اے پی سی بلائی تو تحریک انصاف قومی نوعیت کے معاملے پر ضرور شرکت کریگی ۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر تحریک انصاف کی کامیابی کا پہلا بارش کا قطرہ میرپور میں آ گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف کی تیاریاں عروج پر ہیں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
گذشتہ روز خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے میرپور میں ایل اے تھری پر تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی بھاری کامیابی بارش کا پہلا قطرہ ہے جہاں پر تحریک انصاف نے اپنے انتخابی نشان اور جھنڈے تلے پہلی مرتبہ الیکشن لڑا اور زرداری، نواز شریف کا اتحاد ٹوڑ کر ثابت کر دیا کہ اب عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یمن میں پاکستانی فوج کو بھیجنا قومی مسئلہ ہے۔ لیکن یمن کے معاملے پر حکومت کی اپنی صفوں میں بھی اتحاد نہیں ہے کیونکہ وزیر دفاع خواجہ آصف اسمبلی میں کہتے ہیں کہ یمن میں فوج کو بھیجنے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے لیکن وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کو عسکری تعاون کی یقین دہانیاں کرا رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان ایک ایک نقطے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین کے درمیان میمورینڈم کے ایک ایک جملے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے حصہ لے گی۔