• news

الطاف ہار سے ڈر رہے ہیں، کراچی کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلائیں گے: عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے اثاثے ملک سے باہر پڑے ہیں آخر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ارکان اپنے لیڈروں سے انکے اثاثوں کی معلومات کیوں نہیں پوچھتے ہیں۔ عمران نے اپنے بیان میں ایک بار پھر نواز شریف اور زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف دونوں کا کوئی نظریہ نہیں ہے اور اسی نظریے کی کمی سے حکومت کسی بھی تنازع میں پڑ جاتی ہے۔ زرداری اور نواز شریف دونوں مک مکا کی سیاست میں مشغول ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے پیسوں کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں دونوں نے بے پناہ اثاثے ملک سے باہر بنائے ہوئے ہیں۔ دونوں کو صرف بیرون ملک اپنی اربوں کی جائیداد کی فکر ہے۔ عمران نے ٹوئٹر پیغام میں جناح گرائونڈ واقعہ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ الطاف حسین ہار سے ڈر رہے ہیں، غنڈوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ہار چکے ہیں ہم ایسی حکومتوں سے نہیں ڈریں گے کراچی کے عوام کو ایم کیو ایم کی دہشت سے آزادی دلاکر رہیں گے۔ الطاف حسین کے پاس ڈرانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا، الطاف حسین اور کارکنوں کے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں اور ہمارے عزائم پست نہیں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن