منی لانڈرنگ کیس: ماڈل ایان کی درخواست ضمانت مسترد
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے ماڈل گرل ایان علی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔ ایان علی کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ نے ایان علی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ماڈل ایان علی کے وکیل سردار اسحاق نے فروخت اراضی کے ثبوت پیش کئے۔ دلائل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری موکلہ کی عمر بائیس سال اور غیر شادی شدہ ہے، اس کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں، کسٹم حکام نے جیل میں تفتیش بھی مکمل کرلی ہے۔ ضمانت پر رہا کیا جائے، کسٹم کے وکیل کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھاکہ ماڈل ایان علی کی ائر پورٹ پر حرکات مشکوک تھیں جس بنیاد پر انہیں گرفتارکیا گیا، تین سال میں بیرون ملک کے چالیس دورے کر چکی ہیں، وہ اتنی بڑی رقم بیرون ملک لے جانے کا کوئی قانونی جواز پیش نہیں کر سکیں، وکیل نے استدعا کی ابھی مزید تفتیش کرنی ہے، ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔