ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کے حق میں لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ، دھرنے
لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا اوردھرنے دیکر سڑکیں بلاک کردی۔ ینگ ڈاکٹر نے اپنے اپنے اضلاع کی مین روڈ ز پر احتجاج کیا۔ اس ضمن میں صوبائی دارالحکومت میں بھی ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے مال روڈ ، جیل روڈ ، فیروز پور روڈ اور کینال روڈ پر احتجاجی دھرنے دئے گئے جسکے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہسپتالوں میں مریضوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور احتجاج کے باعث کئی آپریشن بھی ملتوی کردئیے گئے ۔ علاوہ ازیں شہر بھر کی ٹریفک متاثر ہوئی اور شہریوں کو بھی شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رش کے باعث ایمبولنسز بھی رش میں پھنسی رہیں۔ اس ضمن میں گنگارام ہسپتال، میو ہسپتال ڈی مونٹ مورینسی کالج کے ینگ ڈاکٹرز نے مال روڈ فیصل چوک ، سروسز ہسپتال او رپی آئی سی کے ینگ ڈاکٹرز نے جیل روڈ ، چلڈرن ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے فیروز پور روڈ ،شیخ زید ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے کینال روڈ پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر احتجاج کی قیادت ڈاکٹر حامد بٹ ، ڈاکٹر عامر بندیشہ ، ڈاکٹر اجمل ، ڈاکٹر عدنان سمیت دیگر کر رہے تھے۔ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے مختلف سڑکوں پر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ حکومت مخالف نعرے بھی لگائے اور فوری طور پر سروس سٹرکچر کے نفاذ سمیت دیگر مطالبات فوری پورے کرنے کیلئے آواز اٹھائی ۔ ینگ ڈاکٹرز کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈھائی سال قبل سروس سٹرکچر کا وعدہ کیا تھا جو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ جب تک حکومت سروس سٹرکچر ، ڈاکٹرز کی ترقی ، تنخواہو ں میں اضافے اور بغیر تنخواہ کام کرنے والے پی جی ٹرینیز کو تنخواہ نہیں دیتی اور ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری رہیگا۔ قبل ازیں پیر او رمنگل کی شب ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان پانچ گھنٹے تک مذاکرات ہوئے جس میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔ علاوہ ازیں ملتان،سرگودھا، فیصل آباد، رحیم یار خان سمیت مختلف شہروںمیں ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ لیکر سڑکوں پر آگئے جس کے باعث سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ڈاکٹر مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ڈاکٹروں نے مطالبات کے حق میں کام چھوڑ کر ہڑتال کرکے احتجاجی ریلیاں نکالیں جن کے باعث شہریوں اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان کے تمام ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب کام چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ ڈاکٹرز نے نشتر ہسپتال سے جیل روڈ تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ فیصل آباد کے سول اور الائیڈ ہسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کیا ۔ رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کی اور احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے سرگودہا میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔ ریلی ڈی ایچ کیو سرگودھا سے شروع ہوئی اور خوشاب روڈ پر دھرنے کی شکل اختیار کر گئی۔