کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس، توسیع نہ ہونے سے نادرا سے معاہدہ میں تعطل کا خدشہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے سے پنجاب حکومت اور نادرا کے درمیان معاہدہ تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ 26 جنوری سے 28 فروری تک پہلے مرحلے میں 2009ء سے 2014ء کے دوران جاری اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جانا تھا جس کیلئے 1400 روپے فیس مقرر کی گئی تھی۔ اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرانے کے خواہشمندوں نے فیس کی رقوم ’’یو بی ایل اومنی‘‘ کے ذریعے ’’نادرا‘‘ اکائونٹ میں جمع کرائیں۔ اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرائے جانے کے پہلے مرحلے میں 10 مارچ تک توسیع کی گئی۔ اسکے ساتھ ہی یکم مارچ سے 31 مارچ تک 1999ء سے 2008ء کے دوران جاری ہونیوالے اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تاہم 31 مارچ کی ڈیڈلائن گزشتہ روز منگل کو ختم ہوگئی۔ ڈیڈلائن میں توسیع نہ کرنے سے ہزاروں لائسنس کمپیوٹرائزڈ نہیں ہوسکیں گے کیونکہ حکومت کی طرف سے ڈیڈلائن کے حوالے سے مناسب تشہیر نہیں کی جاسکی جس سے عوام تک معلومات نہیں پہنچ پائیں۔ واضح رہے ’’اومنی دکان‘‘ کا سراغ لگانے میں بھی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔