• news

پی ٹی آئی سے 20 مارچ کو جوڈیشل کمشن پر جو طے ہوا تبدیل نہیں ہوگا: اسحاق ڈار

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن پر جو تحریک انصاف کے ساتھ 20 مارچ کو طے ہوچکا وہی ہوگا اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن اور آرڈیننس کے بارے میں آج طے کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بارے میں اعتماد میں لیا جائے گا حتمی ڈرافٹ سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں کو بھیج دیا جائے گا، آج اگر حتمی آرڈیننس تیار ہوجاتا ہے تو کل جمعرات کے روز اس کو نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔ عارف علوی ابتدائی سٹیج پر شامل تھے اب اس پراسیس پر حصہ نہیں رہے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مستحکم سے مثبت ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین آباد جنید اشرف تالو سے ایف پی سی سی آئی میں ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت نئے گیس کنکشنز سمیت تعمیراتی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر میں تیزی لانے کی غرض سے ہائوسنگ مارگیج ری فنانس کمپنی قائم کی جا رہی ہے جس کے ذریعے خطیر مالیت کے قرضے جا ری کئے جائیں گے۔ قرضوں کی بنیادی شرح سود 8 فیصد کی کم سطح پر آنے سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی۔ قبل ازیں آباد کے چیئرمین جنید اشرف تالو نے اسحاق ڈار کو تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن