مہاراشٹر: ذبح کرنے، گوشت کی فروخت روکنے کیلئے گائے، بیلوں کی تصاویر تھانے میں جمع کرانے کا حکم
نئی دہلی (بی بی سی) بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں پولیس نے گائے اور بیلوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کی تصاویر تھانے میں جمع کرائیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست میں گوونش (گائے کی نسل کے کسی بھی جانور) کے ذبیحے کرنے پر پابندی کے باوجود اگر کوئی مجرمانہ معاملہ سامنے آتا ہے تو اس سے تفتیش میں آسانی ہوگی۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جانوروں کا ریکارڈ تیار کرنے اور ان کی گنتی کرنے کے مقصد سے یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ مالیگاؤں کے اڈیشنل سپریٹنڈنٹ پولیس سنیل کڈاسنے نے بی بی سی ہندی کو بتایا ’ شہر کے سارے جانوروں کی گنتی کرنے اور جھوٹی شکایتوں کے بارے میں تفتیش کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مالیگاؤں میں گائیں اور بیلوں کے گوشت کے غیر قانونی کاروبار پر روک لگانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔