یمن کی صورتحال، زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کو آج ظہرانے پر مدعو کر لیا ،فضل الرحمن
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کو آج مدعو کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن رہنمائوں کا اجلاس آج تین بجے بلاول ہائوس کراچی میں ہو گا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور یمن کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔ آصف زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں کو ظہرانہ دیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن، سرج الحق، اسفندیار ولی، چودھری شجاعت حسین اور ایم کیو ایم کو مدعو کیا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سابق صدر آصف علی زرداری سے کراچی میں ملاقات کریں گے جس میں یمن جنگ کے حوالے سے معاملہ زیر غور لایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا یمن جنگ میں ممکنہ طور پر پاکستانی فوج کی شرکت کے باعث قومی لائحہ عمل طے کرنے کیلئے دونوں رہنما ملاقات کر رہے ہیں۔