• news

لفتھانزا نے ممکنہ اخراجات کیلئے 30 کروڑ ڈالر مختص کر دیئے

برلن (بی بی سی) جرمنی کی ہوائی کمپنی لفتھانزا نے جرمن ونگز جہاز کے حالیہ حادثے کے بعد ممکنہ اخراجات کیلئے 30 کروڑ ڈالر مختص کئے ہیں۔ جرمن ونگز کی مالک کمپنی لفتھانزا کا کہنا ہے یہ پیسہ مقدمے کے تمام اخراجات پورے کرنے کیلئے کافی ہوگا۔ دریں اثنا فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کا کہنا ہے ہفتے کے آخر تک 150 افراد کی شناخت ہوجائیگی۔ حادثے کے مقام پر جلد رسائی کے لیے ایک عارضی سڑک بنائی گئی ہے لیکن امدادی کاموں میں مصروف اداروں کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل ہونے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے صدر اولاند نے امدادی کارکنوں کے کام کو سراہا ہے۔ فرانسیسی وزیرِداخلہ کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کے اختتام سے پہلے ڈی این اے کی مدد سے لاشوں کی شناخت کر لی جائے گی۔ خیال رہے کہ جائے حادثہ سے ملنے والی لاشیں ناقابلِ شناخت تھیں۔ جرمن حکام کا کہنا ہے کہ لفتھانزا کی جانب سے مختص کی گئی 30 کروڑ ڈالر کی رقم 50 ہزار ڈالر کی اس رقم کے علاوہ ہے جو ابتدائی اخراجات کے لیے مسافروں کے رشتے داروں کے لیے دستیاب ہے۔ حادثے کی صورت میں ہوائی کمپنیاں نقصان کی تلافی کے لیے ہلاک ہونے والے مسافروں کے رشتہ داروں کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک کی رقم دینے کی پابند ہیں لیکن اگر حادثے کی ذمہ داری ہوائی کمپنی پر ثابت ہو جائے تو اس رقم میں خاصا اضافہ ہو سکتا ہے۔ پیر کے روز یہ بات سامنے آئی تھی کہ معاون پائلٹ آندریاز لوبٹز میں بہت پہلے سے خودکشی کرنے کے رجحانات موجود تھے اور وہ اس کا علاج بھی کروا چکے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن