پارلیمنٹ، پی ٹی وی پر کن قوتوں کے اشارے پر حملہ کیا گیا، تحریک انصاف کے اقدام کے بعد گارنٹر پیچھے ہٹ گئے: جاوید ہاشمی
ملتان ( آئی این پی ) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ قوم آج پوچھتی ہے کہ آخر وہ کون سی قوتیں تھیں جن کے اشارے پر تحریک انصاف نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ میں نے کہا اب گارنٹر کی لاج رکھی جائے اور پارلیمنٹ کی طرف نہ بڑھا جائے لیکن جب کارکنوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کردیا تو گارنٹر پیچھے ہٹ گئے۔ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ کی طرف بڑھنے کا کام تو صر ف ڈاکٹر طاہر القادری نے ہی کرنا تھا۔ گزشتہ روز سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور دیگر قائدین کی موجودگی میں عمران خان سے کنٹینر پر بیٹھ کر کہا تھا کہ ہمیں پارلیمنٹ کی طرف نہیں جانا چاہیے مگر تحریک انصاف کا ریلہ آگے کیوں بڑھا، توڑ پھوڑ اور حملے میں کیوں شریک ہوئے، قوم آج بھی اسکا جواب مانگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں اس بات کی مخالفت کی تھی کہ ہمیں فوج کی شکل میں کوئی گارنٹر درمیان میں نہیں لانا چاہیے کیونکہ گارنٹی دینے والے کل کو حساب مانگیں گے لیکن جب گارنٹر مل گئے اور یقین دہانی کرا دی گئی کہ 2013ء کی انتخابی دھاندلی کرانے کا جائزہ لینے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائیگا تو میں نے کہا کہ اب گارنٹر کی لاج رکھی جائے اور پارلیمنٹ کی طرف نہ بڑھا جائے لیکن جب تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کر دیا تو گارنٹر پیچھے ہٹ گئے۔