سیالکوٹ : دو بھائیوں کا تشدد سے قتل‘ سات مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری‘ 8 اپریل کو پھانسی ہو گی
سیالکوٹ+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پولیس کی موجودگی میں دو بھائیوں کو تشدد کرکے قتل کرنیوالے 7 مجرموں کو پھانسی دینے کےلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے گئے ہیں اور انہیں 8 اپریل کو پھانسی دی جائیگی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری امتیاز احمد نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا ہے کہ جمیل عرف جیلا، رشید مہر، اقبال، امین، علی رضا، شفیق اور سرفراز کو 8 اپریل کو پھانسی دی جائے۔ عدالت نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنیوالے ادارے کی نالائقی قرار دیا۔ ملزمان کے وکیل کا کہنا ہے کہ سزائے موت کے حکم کے خلاف وہ سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔ واضح رہے تھانہ صدر سیالکوٹ کی حدود میں 15 اگست 2010ءکو دو بھائیوں منیب اور مغیث کو پولیس کی موجودگی میں ہجوم نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔ تھانہ صدر سیالکوٹ نے دو ایف آئی آر درج کی تھیں جن میں سے پہلی ایف آئی آر 15 اگست کو درج کی گئی تھی جس میں دونوں بھائیوں پر قتل اور ڈکیتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ سے سانحہ سیالکوٹ کیس میں 7 مجرمان کی جانب سے دائر رحم کی اپیلیں خارج ہونے پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے ہیں۔ سابق ڈی پی او سیالکوٹ، ایس ایچ او سمیت دیگر پولیس اہلکار مقدمہ سے بری ہوچکے ہیں۔
ڈیتھ وارنٹ جاری